Anxiety Meaning in Urdu — بے چینی کیا ہے اور اس کا مطلب کیا ہوتا ہے؟

:مختصر جواب

اینگزائٹی ایک عام ذہنی مسئلہ ہے جس میں انسان بے چینی، گھبراہٹ اور خوف محسوس کرتا ہے۔ ہر 3 میں سے 1 فرد اس سے متاثر ہے۔ بروقت ماہر نفسیات سے علاج کروا کر اس پر قابو پانا ممکن ہے۔

کبھی مہینے کا خرچہ، کبھی بجلی کے بل اور کبھی آفس کی ٹینشن اور کبھی ساس بہو کی تکرار یا میاں بیوی کے جھگڑے انسان کی ذہنی صحت پر گہرا اثر ڈالتی ہیں۔ ہر روز کا یہ دباؤ اینگزائٹی (Anxiety) جیسی ذہنی بیماری کا باعث بن جاتا ہے۔ جس میں انسان بے چینی، گھبراہٹ، دل کی تیز دھڑکن یا ہر وقت پریشان ہونے کی علامات کا شکار ہو جاتے ہیں۔ ایک تحقیق کے مطابق آج کل کے دور میں ہر 3 میں سے 1 فرد اینگزائٹی میں مبتلا ہے مگر اکثر افراد ان علامات کو ذہنی بیماری سمجھنے کے بجائے جسمانی بیماری سمجھ کر ڈاکٹروں کے چکر لگاتے رہتے ہیں۔

اس مضمون میں ہم اینگزائٹی کے حوالے سے کچھ اہم معلومات بیان کریں گے تاکہ لوگ اس ذہنی بیماری اور اس کے علاج کے بارے میں بہتر طریقے سے جان سکیں۔

Anxiety کا مطلب کیا ہے؟ Anxiety Meaning in Urdu

Anxiety کا اردو میں مطلب ذہنی اضطراب ہے جس میں انسان بے چینی یا گھبراہٹ محسوس کرتا ہے۔ یہ ایک ذہنی حالت ہوتی ہے جس میں کسی بھی پریشانی کے حوالے سے انسان حد سے زیادہ خوف محسوس کرتا ہے۔ ویسے تو عام طور پر ہر انسان ہی اپنی زندگی کے کسی نہ کسی مرحلے پر خوف یا پریشانی محسوس کرتا ہے لیکن اگر یہ خوف یا پریشانی اس کی روزمرہ کی زندگی کو شدید متاثر کرنے لگے تو یہ عام حالت کے بجائے Anxiety Disorder کی نشانی ہوتی ہے۔

اس میں انسان چھوٹی چھوٹی باتوں پر مسلسل بے چینی یا ڈر محسوس کرتا ہے۔ اچانک پسینے آنے لگتے ہیں، دل کی دھڑکن تیز ہو جاتی ہے، ہاتھ کانپنے لگتے ہیں، نیند متاثر ہوتی ہے۔

سادہ الفاظ میں اینگزائٹی کی تعریف اس طرح بھی کی جاسکتی ہے کہ یہ ایک ایسی کیفیت ہے جس میں انسان بلاوجہ پریشان رہتا ہے اور ہر وقت اس کو منفی خیالات گھیرے رہتے ہیں۔ ہر وقت وہ کسی نہ کسی پریشانی کا انتظار کرتا رہتا ہے خواہ وہ چھوٹی سی ہی کیوں نہ ہو۔

Anxiety اور Depression میں فرق

اکثر افراد ذہنی امراض کے حوالے سے معلومات کی کمی کی وجہ سے اینگزائٹی اور ڈپریشن کو ایک ہی چیز سمجھتے ہیں۔ جبکہ یہ دونوں حالتیں ایک دوسرے سے یکسر مختلف ہوتی ہیں۔

Anxiety میں:

  • انسان اپنے مستقبل کے حوالے سے پریشان رہتا ہے
  • بے چینی اور خوف محسوس کرتا ہے
  • ذہن مسلسل فکر اور خدشات میں گھرا رہتا ہے
  • اوورتھنکنگ بہت زیادہ ہوتی ہے

Depression میں:

  • انسان مایوس اور اداس رہتا ہے
  • روزمرہ کی زندگی کے افعال میں دلچسپی نہیں رہتی
  • جسمانی کمزوری اور تھکن محسوس ہوتی ہے
  • انسان خود کو فالتو سمجھتا ہے

بعض اوقات کسی ایک ہی فرد میں یہ دونوں بیماریاں ایک ساتھ بھی ہو سکتی ہیں۔

Anxiety اور Stress میں فرق

ڈپریشن کی طرح اینگزائٹی اور اسٹریس کو بھی اکثر افراد ایک ہی حالت سمجھتے ہیں۔ جبکہ ان دونوں میں بھی کافی فرق ہوتا ہے۔

Stress میں:

اسٹریس یا ذہنی دباؤ کسی نہ کسی وجہ کی بنا پر ہوتا ہے جیسے:

  • کام کا دباؤ
  • مالی مسائل
  • امتحانات
  • گھریلو جھگڑے
  • آفس کا ماحول

اس کی سب سے خاص بات یہ ہوتی ہے کہ یہ حالت عارضی ہوتی ہے۔ جب مسئلہ ختم ہوجاتا ہے تو یہ حالت بھی نارمل ہوجاتی ہے۔

Anxiety میں:

اینگزائٹی بعض اوقات کسی واضح وجہ کے بغیر بھی ہو سکتی ہے۔ اس حالت میں انسان کی پریشانی یا بے چینی مستقل رہتی ہے۔ بعض اوقات مسئلہ ختم ہونے کے بعد بھی بے چینی برقرار رہ سکتی ہے اور علامات فوراً ختم نہیں ہوتیں۔

اینگزائٹی کی اقسام Types of Anxiety

علامات اور وجوہات کی بنا پر اینگزائٹی کو ماہر نفسیات مختلف اقسام میں تقسیم کرتے ہیں جو کچھ اس طرح سے ہوتی ہیں:

  • Generalized Anxiety Disorder (GAD): اس میں انسان چھوٹی چھوٹی باتوں کو لے کر پریشان ہوجاتا ہے جیسے پانی کیوں نہیں آیا یا سبزی والا کب آئے گا، ایسے چھوٹے چھوٹے مسائل کو لے کر شدید پریشانی اور بے چینی محسوس کرتا ہے۔
  • Panic Disorder: اس حالت میں انسان اچانک شدید گھبراہٹ محسوس کرنے لگتا ہے جس کے لئے کسی وجہ کا ہونا ضروری نہیں ہوتا۔
  • Social Anxiety: اس حالت میں انسان کو لوگوں کے سامنے بات کرنے یا کسی محفل میں جانے یا ہجوم کا سامنا کرنے میں خوف محسوس ہوتا ہے۔
  • Phobias: اس حالت میں انسان کسی نہ کسی بات جیسے اونچائی، اندھیرے، پانی یا سفر وغیرہ سے خوفزدہ ہوتا ہے اور ایسی کسی جگہ پر جانے میں گھبراہٹ محسوس کرتا ہے۔

اینگزائٹی کیوں ہوتی ہے؟

روزمرہ کی زندگی کے چیلنجز کا مقابلہ کرتے اور عام اسٹریس کا سامنا کرتے کرتے کوئی بھی انسان اینگزائٹی کا شکار ہو سکتا ہے۔ اس کو جان کر ہی اس سے محفوظ رہا جا سکتا ہے۔ کچھ عام وجوہات اس طرح سے ہوتی ہیں:

  • ذہنی دباؤ: ہر وقت بغیر کسی وقفے کے ذمہ داریوں کو اٹھانا اور اس کی وجہ سے ذہنی دباؤ میں رہنا۔
  • اوورتھنکنگ: سوچ سمجھ کر کام کرنا اچھی بات ہے لیکن کسی بھی عمل سے قبل صرف سوچتے ہی رہنا اینگزائٹی کا باعث ہو سکتا ہے۔
  • ماضی کے تلخ تجربات: ایکسیڈنٹ، ناکام شادی یا جذباتی دھچکے بھی اینگزائٹی کا سبب ہو سکتے ہیں۔
  • نیند کی کمی: بے خوابی یا Insomnia بھی اینگزائٹی کی وجہ ہو سکتی ہے۔
  • جسمانی بیماریاں: تھائی رائڈ، دل کی بیماریاں یا ہارمونل تبدیلیاں اس کا سبب بن سکتی ہیں۔

اینگزائٹی کا علاج کیسے کیا جاسکتا ہے؟ Treatment of Anxiety

جیسا کہ آغاز میں بھی بیان کیا ہے کہ اینگزائٹی ایک ذہنی بیماری ہے اور عام ڈاکٹر کے پاس جا کر اس کی علامات کو کسی حد تک بہتر تو بنایا جا سکتا ہے لیکن اس کا مکمل علاج ایک ماہر نفسیات ہی کر سکتا ہے جو کہ اس کے علاج کے لئے مختلف اقدامات تجویز کرتا ہے۔

کاگنیٹو بیہوریل تھراپی Cognitive Behavioral Therapy

یہ تھراپی ماہر نفسیات کرتے ہیں جو کہ آن لائن بھی ہو سکتی ہے۔ اس میں مریض کے منفی خیالات کو مثبت رخ میں تبدیل کیا جاتا ہے اور مختلف مسائل میں اس کے رویئے کو بہتر بنانے کی کوشش کی جاتی ہے۔

پرسکون رہنے کی تیکنیک Relaxation Techniques

  • میڈیٹیشن Meditation
  • سانس کی مشقیں Deep Breathing
  • ورزش Exercise
  • یوگا Yoga

طرز زندگی میں تبدیلی

ماہر نفسیات طرز زندگی میں مثبت تبدیلیوں کو بھی تجویز کرتے ہیں جو کچھ اس طرح سے ہو سکتی ہیں:

  • متوازن غذا کا استعمال
  • مقررہ وقت پر پرسکون نیند
  • کیفین کے استعمال میں کمی
  • اسکرین ٹائم کم کرنا

ادویات

شدید علامات کی صورت میں ماہر نفسیات کچھ ادویات بھی تجویز کرسکتے ہیں جو کہ علامات میں بہتری کا سبب بن سکتی ہیں۔ تاہم بغیر ماہر نفسیات کے مشورے کے ادویات استعمال نہیں کرنی چاہئیں۔

اینگزائٹی کے علاج کے لئے ماہر نفسیات سے کب رابطہ کرنا چاہئے؟

اگر آپ مسلسل کئی ہفتوں تک اینگزائٹی یا بے چینی اور پریشانی محسوس کر رہے ہوں، بار بار پینک اٹیک ہو رہا ہو، دل کی دھڑکن یا گھبراہٹ شدید ہو، نیند آنے میں دشواری ہو اور خود کو نقصان پہنچانے کے خیالات آئیں تو فوری طور پر کسی ماہر نفسیات سے رجوع کریں۔

ماہر نفسیات سے کیسے رابطہ کیا جا سکتا ہے؟

ماہر نفسیات سے اب رابطہ کرنا بہت ہی آسان ہو گیا ہے۔ صحتیاب Sehatyab آن لائن ماہر نفسیات کا ایسا ہی کلینک ہے جو کہ آپ سے صرف ایک کلک کی دوری پر ہے۔ صحتیاب کی ویب سائٹ وزٹ کریں، اپنی مرضی کا ماہر نفسیات منتخب کریں، اور گھر بیٹھے آن لائن تھراپی حاصل کریں۔ جس سے نہ صرف آپ کا وقت بچے گا بلکہ رازداری اور سہولت کے ساتھ بہترین علاج بھی ممکن ہے۔

نتیجہ

اینگزائٹی ایک عام ذہنی مسئلہ ہے جس کی جسمانی علامات کی وجہ سے اکثر بروقت تشخیص نہیں ہو پاتی۔ یہ انسان کی روزمرہ کی زندگی کو بری طرح متاثر کر سکتا ہے۔ اس کے صحیح علاج کے ذریعے اس کو کنٹرول کرنا ممکن ہے۔ لیکن اس کے لئے ضروری ہے کہ بروقت ماہر نفسیات سے رابطہ کیا جائے تاکہ اس کی علامات کو کنٹرول کر کے نارمل زندگی گزاری جا سکے۔

اکثر پوچھے گئے سوالات FAQs

1۔ کیا اینگزائٹی ایک خطرناک اور لاعلاج بیماری ہے؟

اگر بروقت علاج نہ کیا جائے تو یہ بیماری ذہنی اور جسمانی صحت کو متاثر کر سکتی ہے۔ تاہم ماہر نفسیات سے صحیح وقت پر علاج کروا کر اس کا کنٹرول ممکن ہے۔

2۔ کیا اینگزائٹی بغیر دوا کے ٹھیک ہو سکتی ہے؟

جی ہاں، اینگزائٹی بغیر دوا کے بھی بہتر ہو سکتی ہے لیکن اس کے لئے بہترین ماہر نفسیات کے مشوروں کی روشنی میں تھراپی، طرز زندگی میں تبدیلی اور ورزش کرنا ضروری ہوتا ہے۔

3۔ کیا مردوں کے مقابلے میں عورتیں اینگزائٹی میں زیادہ مبتلا ہوتی ہیں؟

جی ہاں، تحقیق کے مطابق عورتیں مردوں کے مقابلے میں Anxiety Disorder سے زیادہ متاثر ہوتی ہیں۔ کیونکہ عورتوں میں حمل، ماہواری یا مینوپاز کی وجہ سے ہارمون میں تبدیلی زیادہ ہوتی ہے جو ان کو اس بیماری میں زیادہ مبتلا کر سکتی ہے۔

Syeda Hira Fatima

Clinical Psychologist MS.c Behavioral Sciences, Advanced Diploma in Clinical Psychology, Member of Australian and New Zealand Mental Health Association, Member of American Psychological Association, Certified in Graphology
By Syeda Hira Fatima

Categories

Recent Posts